iOS میں اردو نستعلیق فونٹ شامل

11 116

انٹرنیٹ پر اردو پڑھنے اور لکھنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو دیکھتے ہوئے آئی ٹی کے شعبے میں عالمی نمبر 2 ادارے ایپل نے اگلے آپریٹنگ سسٹم iOS 9.0 کے بیٹا ورژن میں اردو نستعلیق فونٹ شامل کرلیا ہے۔ مائیکروسافٹ کی جانب سے اردو ٹائپ نستعلیق اور گوگل کی طرف سے نوٹو نستعلیق کے بعد یہ بہت اہم پیش رفت اور اردو کے چاہنے والوں کے لیے بہت اچھی خبر ہے۔

urdu nastaleeq font ios preview
تصویر: بشکریہ مدثر عظیمی

فورمز، بلاگز، ٹویٹر اور فیس بک سمیت دیگر ویب سائٹس پر اردو لکھنے والوں کی جانب سے بارہا اس بات کو دہرایا جاتا رہا ہے کہ پاکستان کی بہت بڑی اکثریت قومی زبان اردو استعمال کرتی ہے لہٰذا اس میں کوئی دو رائے نہیں ہونی چاہیئں کہ جو تعلق اردو کے ذریعے قائم کیا جاسکتا ہے وہ کسی اور زبان کے استعمال یا فروغ سے ممکن نہیں۔ پاکستان میں تھری جی انٹرنیٹ کی آمد سے انٹرنیٹ چھوٹے شہروں اور گاؤں تک پہنچ چکا ہے اور سرکاری و غیر سرکاری ادارے بھی اب اردو کی اہمیت کو محسوس کر رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اب انگریزی کے ساتھ  ساتھ اردو کو سرکاری زبان کا درجہ دینے کی باتیں کی جارہی ہیں۔

یہاں مدثر عظیمی صاحب کی کوششوں کو سراہا نہ جائے تو زیادتی ہوگی۔ انہوں نے 2010ء میں آئی فون میں اردو لکھنے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک منصوبے کا آغاز کیا جس کے تحت ایک فونٹیک کیبورڈ Urdu Writer کے نام سے بنایا گیا۔ یہ ایپل اسٹور میں دستیاب ہے اور دنیا بھر میں موجود اردو لکھنے والے اس سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔ بعد ازاں ایپل نے iOS 8 میں دیگر زبانوں کی طرح اردو کیبورڈ بھی شامل کردیا جو نسخ فونٹ کے ساتھ تھا۔ یوں اردو لکھنے کے لیے علیحدہ ایپلی کیشن انسٹال کرنے کی ضرورت ختم ہوگئی لیکن نستعلیق جیسے خوبصورت فونٹ کی کمی بہرحال محسوس ہوتی رہی۔

مدثر عظیمی نے 5 اکتوبر 2014 کو ایپل انکارپوریٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کوک کے نام ایک کھلا خط لکھا جس میں اردو نستعلیق فونٹس کے حوالے سے گزارشات شامل تھیں۔ صرف 8 روز بعد ہی انہیں ٹم کوک کی جوابی فون کال موصول ہوئی جس میں اردو کے حوالے سے مزید پیش رفت پر بات ہوئی۔

اور اب مدثر عظیمی ہی کے توسط سے پتہ چلا کہ iOS میں اردو نستعلیق فونٹ شامل کرلیا گیا ہے۔ اردو کیبورڈ اور نستعلیق فونٹ کی آئی فون، آئی پیڈ، اور میک بک میں خود کار شمولیت سے ان لوگوں کی شکایت دور ہوجائے گی کہ جو اردو زبان کو کم پڑھے جانے کا ذمہ دار دشوار فونٹس کو قرار دیتے رہے ہیں۔

11 تبصرے
  1. ایم بلال ایم کہتے ہیں

    زبردست۔ بہت ہی اچھی خبر سنائی۔ ویسے سکرین شاٹ اگر اصلی ہیں تو پھر نوٹو یا اردو ٹائیپ سے زیادہ اچھا فانٹ لگ رہا ہے۔

  2. محمد اسد کہتے ہیں

    @ایم بلال ایم: میرے پاس آئی فون نہیں ورنہ اصلی اسکرین شاٹ ضرور شیئر کرتا۔ اس وقت جو لگے ہوئے ہیں وہ مدثر صاحب کی تحریر سے لیے ہیں۔

  3. Muhammad Zohair Chohan کہتے ہیں

    یعنی پھر آئی فون لے لیا جائے اب

  4. کاشف نصیر کہتے ہیں

    اچھی خبر سنائی ہے آپ نے

  5. محمدزبیرمرزا کہتے ہیں

    زبردست یہ تو بڑی اچھی خبر اور اہم پیش رفت ہے –

  6. محمد اسد کہتے ہیں

    @ایم بلال ایم: تصویر اپڈیٹ کردی ہے۔ یہ اصلی ہے اور میرے خیال سے بہت مناسب فونٹ نظر آرہا ہے۔

  7. محمد اسلم فہیم کہتے ہیں

    پھر مجھے آئی فون ہی لے دیں

  8. Muhammad Zubair Mirza کہتے ہیں

    یعنی ایپل کا ایک اور کارنامہ 🙂 شکریہ Steve jobs

  9. Wasio Ali Khan Abbasi کہتے ہیں

    بہترین پوسٹ

  10. ظفر اقبال کہتے ہیں

    مدثر عظیمی صاحب کی کاوشوں کو جتنا سراہا جائے کم ہے.اب نفاز اردو کے لئے بھرپور تحریک کی ضرورت ہے.

  11. عبدالرحمٰن کہتے ہیں

    یہ فونٹ اینڈروائیڈ پر بھی ھے؟

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.