وہ دسترخوان جو گھر کو گھر بناتا ہے

جن گھروں میں لوگ روزانہ دسترخوان پر اکٹھے ہوتے ہیں، ان گھروں کا ماحول دوسروں سے بالکل مختلف ہوتا ہے۔ وہاں اقدار جنم لیتی ہیں، رشتے مضبوط ہوتے ہیں اور ایک خاص خاندانی تہذیب پروان چڑھتی ہے۔

دسترخوان صرف پیٹ بھرنے کی جگہ نہیں، یہ ثقافت اور تربیت کا مرکز ہوتا ہے۔ پیٹ تو انسان کہیں بھی بھر سکتا ہے، مگر دسترخوان وہ جگہ ہے جہاں دل جڑتے ہیں، باتیں ہوتی ہیں اور نسلوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا عمل جاری رہتا ہے۔

دسترخوان دراصل ایک خاندانی قدر ہے۔ جن گھروں میں اعلیٰ خاندانی روایات ہوتی ہیں، وہاں کھانے کے اس مشترکہ وقت کو غیر معمولی اہمیت دی جاتی ہے۔ ایک دوست نے بتایا کہ ان کے والد اور ان کے بھائی ہر ہفتے لازمی طور پر اکٹھے کھانا کھاتے ہیں۔ بظاہر یہ ایک معمولی بات لگتی ہے، مگر حقیقت میں یہ محض کھانا نہیں بلکہ خاندان کو جوڑنے کا ایک خوبصورت بہانہ ہوتا ہے۔

ہمارا دین بھی ہمیں دسترخوان کو وسیع کرنے اور مل بیٹھ کر کھانے کی ترغیب دیتا ہے۔

اگر ممکن ہو تو گھر کے تمام افراد کو دن میں کم از کم ایک مرتبہ ضرور اکٹھا بیٹھ کر کھانا چاہیے۔ اگر والدین ساتھ رہتے ہوں تو انہیں الگ کمرے میں کھانا پہنچانے کے بجائے دسترخوان پر ساتھ بٹھایا جائے۔ اگر کسی جسمانی مجبوری کے باعث ایسا ممکن نہ ہو تو پھر الگ انتظام کیا جا سکتا ہے، مگر عام حالات میں والدین کے لیے اولاد کے ساتھ بیٹھنا کھانے سے کہیں زیادہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔

ہمارے حلقۂ احباب میں ایک خاتون اس بات پر بے حد دل گرفتہ رہتی ہیں کہ ایک ہی گھر میں رہنے کے باوجود ان کا بیٹا ان کے ساتھ کھانا نہیں کھاتا۔ وہ اپنی بیوی بچوں کے ساتھ الگ کھاتا ہے اور والدہ کا کھانا ان کے کمرے میں پہنچا دیا جاتا ہے۔ یہ طرزِ عمل بظاہر سہولت کا نام ہے، مگر اس کے پیچھے والدین کی تنہائی چھپی ہوتی ہے۔

اللہ کا خوف کیجیے اور والدین کے ساتھ دسترخوان پر ضرور بیٹھا کیجیے۔

اکثر گھروں میں یہ رواج بھی ہے کہ والدین جلدی کھانا کھا لیتے ہیں اور اولاد رات گئے کھاتی ہے۔ اگر کوئی مجبوری نہ ہو تو خود بھی جلدی کھانے کی عادت ڈالیں۔ یہ صحت کے لیے بھی بہتر ہے، کیونکہ دیر سے کھانا اور دیر تک جاگنا دونوں نقصان دہ ہیں۔

کھانا دنیا کے ہر جاندار کی بنیادی ضرورت ہے، مگر کھانے کی تہذیب ہم اختیار کرتے ہیں، کیونکہ ہمیں تمام مخلوقات میں ایک خاص مقام عطا کیا گیا ہے۔
ہمارے کھانے صرف پیٹ بھرنے کا ذریعہ نہیں ہونے چاہئیں، بلکہ دلوں اور رشتوں کو جوڑنے کا سبب بننے چاہئیں۔

دسترخوان پر خاندان کا اکٹھا ہونا ایک مضبوط، متوازن اور صحت مند خاندان کی بنیاد رکھنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔